خوردنی تیل کی قیمتوں میں کمی کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں ، حالیہ سیلاب کے بعد عوام میں اشیاء ضروریہ کی ترسیل یقینی بنائی جائے، وفاقی وزیراحسن اقبال

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ عالمی منڈی میں پام آئل کی قیمتوں میں واضح کمی کے بعد ملک میں بھی خوردنی تیل کی قیمتوں میں کمی کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں ، حالیہ سیلاب کے بعد عوام میں اشیاء ضروریہ کی ترسیل کو یقینی بنایا جائے اور مارکیٹ میں بے یقینی کی کیفیت پھیلانے سے اجتناب کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں چیف اکانومسٹ، چیف سیکرٹری پنجاب، ایف بی آر، پی بی ایس اور وزارت خوراک و صنعت کے نمائندوں نے شرکت کی۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ ملک میں سیلاب کے بعد کھانے پینے کی اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنانے اور ان کی قیمتوں کو برقرار رکھنے کے لیے منصوبہ بندی کمیشن کی وزارت نے گزشتہ ہفتے نیشنل پرائس کمیٹی کو فعال کرتے ہوئے ان کو ہدایت دی تھی کہ وہ ہفتہ وار بنیاد پرضروری اشیاء کی قیمتوں کا جائزہ لے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ منڈی میں قیمتوں میں اضافے پر کوئی قیاس آرائی نہیں ہونی چاہیے اور ضروری اشیاء کی تقسیم میں کسی بھی قیمت پر تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ وفاقی وزیر نے متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو مارکیٹ میں ذخیرہ اندوزی کرنے والے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز کو اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی کہ ضروری اشیاء خاص طور پر گندم کی ذخیرہ اندوزی نہ ہو۔ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ ٹماٹر اور پیاز کی درآمد کے بعد مارکیٹ میں ان کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔ مزید بتایا گیا کہ عوام کی سہولت کے لیے آئندہ ہفتے سے قیمتوں میں مزید کمی کی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے وزارت خوراک و صنعت کو پام آئل کی قیمتوں میں کمی کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پام آئل کی قیمتوں میں کمی کے بعد مارکیٹ میں کوئی واضح کمی نظر نہیں آ رہی۔ وزارت خوراک و صنعت کو ہدایت کی کہ وہ پام آئل کے مینوفیکچررز کو شامل کریں اور قیمتوں میں کمی کے لیے فوری اقدامات کریں تاکہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ وفاقی وزیر نے متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو آزاد جموں و کشمیر، جی بی اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کو شامل کرنے کی ہدایت کی۔

خوردنی تیل کی قیمتوں میں کمی کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں ، حالیہ سیلاب کے بعد عوام میں اشیاء ضروریہ کی ترسیل یقینی بنائی جائے، وفاقی وزیراحسن اقبال